اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر اپنے فرائض انجام دیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام آباد میں عوام کی عدالت لگی ہوئی ہے اب فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں عدل و انصاف کا معیار ہے، اب فیصلہ سامنے والی بلڈنگ کے کچھ لوگ نہیں پاکستانی عوام کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور عدلیہ کے وقار کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ عوام آج مجبوری میں سوال پوچھنے آئی ہے کیوں اس عمارت کو ایمانداری سے نہیں ‘عمران داری’ سےداغ داغ کرنے کی کوشش کی گئی، اس عمارت سے جمہوریت کو مضبوط کرناچاہیے تھا مگر جہاں سے آئین وقانون نے جنم لیا،آپ اس پارلیمنٹ سےٹکرلےکربیٹھ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عمارت سے جمہوریت کو مضبوط کرناچاہیےتھا، دہشت گردوں کو کٹہرے میں لانا اس عمارت کی ذمہ داری تھی، مگر جب 60 ارب روپےکا مجرم کو پیش کیا گیاتوکہا گیا کہ آپ سے مل کرخوشی ہوئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہوتی ہے،پارلیمنٹ کا کام قانون بنانا ہے،اس کو روکنا تمہارا کام نہیں ہے یہاں ایک وزیراعظم کو بیٹےسےتنخواہ نہ لینے پرگھربھیجاجاتاہے۔