اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو نیا مشورہ دے دیا ہے، انھوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو بلدیاتی الیکشن کے بائیکاٹ کی تجویز دے دی ہے، انھوں نے رہنماؤں کو فون کر کے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی بجائے عام انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔
اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، محمود خان اچکزئی، اختر مینگل، آفتاب شیر پاؤ اور پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے فون پر رابطہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا نے پی ڈی ایم رہنماؤں کو بلدیاتی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی تجویز پیش کی ہے۔