اسلام آباد (1 اکتوبر 2025): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو پہلی سہہ ماہی میں ہی اربوں روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا رہا ہے۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ایف بی آر کو پہلی سہہ ماہی میں 199 ارب روپے کا ریونیو شارٹ فال رہا، جولائی تا ستمبر 3083 کے ہدف کی نسبت 2885 ارب روپے ٹیکس کا اکٹھا کیا گیا۔
جولائی تا ستمبر ایف بی آر نے 157 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے۔
ایف بی آر نے پہلی سہہ ماہی کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 1395 ارب روپے جمع کیے جبکہ جولائی تا ستمبر سیلز ٹیکس کی مد میں 1130 ارب روپے جمع کیے گئے۔
پہلی سہ ماہی میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 190 ارب روپے جمع ہوئے جبکہ جولائی تا ستمبر کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 324 ارب روپے جمع کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سیلاب کی وجہ سے ٹیکس آمدن میں کم از کم 60 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع
گزشتہ روز ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ 15 اکتوبر 2025 تک توسیع کی۔ محکمے کا کہنا تھا کہ تاجر تنظیموں، ٹیکس بار ایسوسی ایشنز اور شہریوں کی درخواست پر تاریخ میں توسیع کی گئی۔
اس سے قبل ایف بی آر کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی اور 30 ستمبر 2025 آخری تاریخ ہوگی۔
واضح رہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے لہٰذا قانونی کاوروائی سے بچنے کیلیے 15 اکتوبر 2025 تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


