اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کی تیاری کرلی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر کے 57 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے صرف 20 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جبکہ رجسٹرڈ افراد میں سے بھی صرف 10 ہزار جیولرز نے ٹیکس ریٹرن جمع کروائی ہیں اور بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کرکے ٹیکس چھپا رہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 800 جیولرز کی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔ ان میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے تاجر شامل ہیں۔
حکام نے ان تاجروں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے کہ جب ان کی سیل کروڑوں روپے میں ہے تو ٹیکس اتنا کم کیوں دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی تاجروں کے ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں، خرید و فروخت اور طرزِ زندگی کے مطابق نہیں ہیں۔
حکام کا مؤقف ہے کہ ملک کے تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے اور کسی تاجر یا صنعتکار کو بلا وجہ نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ اگر ہر فرد ایمانداری سے اپنا ٹیکس ادا کرے تو ملک کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ سکتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


