اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وفاقی حکومت کے دفاتر میں 4 ورکنگ ڈے اور ورک فرام ہوم کے فیصلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس اہداف کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت کے حالیہ کفایت شعاری فیصلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس وصولی کی مہم کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے ادارے پر کیبنٹ ڈویژن کے فیصلوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیکس ہدف کے حصول کے لیے ایف بی آر جمعہ کے روز بند نہیں ہوگا بلکہ معمول کے مطابق کام جاری رکھے گا۔
ایف بی آر نے 50 فیصد اسٹاف کے گھر سے کام کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ملازمین کو دفاتر میں حاضری یقینی بنانا ہوگی۔
ادارے کا موقف ہے کہ ٹیکس شارٹ فال میں کمی اور مقررہ اہداف کو پانے کے لیے تمام افسران اور اسٹاف کا متحرک رہنا ضروری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر عید کی مناسبت سے ہونے والی شاپنگ کے سیزن کو بھرپور طریقے سے مانیٹر کر رہا ہے، عید کی خریداری کے دوران زیادہ سے زیادہ سیلز ٹیکس جمع کرنے کے لیے خصوصی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
بازاروں اور تجارتی مراکز میں ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید متحرک کیا جائے گا تاکہ قومی خزانے میں ریونیو کا اضافہ ممکن ہو سکے۔
ایف بی آر کے مطابق، کیبنٹ ڈویژن کے کفایت شعاری اقدامات (جیسے ہفتہ وار کام کے دنوں میں کمی یا اسٹاف کی روٹیشن) سے ریونیو اکٹھا کرنے کی رفتار سست پڑ سکتی ہے، جسے ادارہ اس وقت افورڈ نہیں کر سکتا، اس لیے ٹیکس وصولی کے لیے ایف بی آر پورے پانچ دن مکمل افرادی قوت کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


