اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ہوٹل، ، میرج ہالز ، بیوٹی پارلرز , پرائیویٹ کلینکس، بیوٹی کلینکس اور دیگر کو ٹیکس نظام سے منسلک ہونے کے لئے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دے دی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام رجسٹرڈ کاروباروں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ایف بی آر کے نظام سے منسلک ہوں۔
اس نوٹیفیکیشن کے تحت پوائنٹ آف سیلز مشین استعمال کرنے والے تمام کاروبار ٹیکس نظام سے رجسٹرڈ ہوں گے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤس، میرج ہالز، کلبز، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، کوریئر اور کارگو سروسز، بیوٹی پارلرز، سلمنگ سنٹرز، مساج سنٹرز، ہیئر ٹرانسپلانٹ اور ڈینٹل کلینکس سمیت دیگر پرائیویٹ کلینکس لازمی طور پر ایف بی آر کے نظام سے منسلک ہوں گے۔
اس کے علاوہ لیبارٹریز، جانوروں کے ڈاکٹرز، ڈائیگناسٹک سنٹرز، ایکسرے سنٹرز، پرائیویٹ اسپتال، ہیلتھ کلبز، سوئمنگ پولز، فٹنس کلبز، جمخانے اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی فرمز بھی اس نوٹیفیکیشن کے تحت ٹیکس نظام سے منسلک ہونی ہوں گی۔
نوٹیفیکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مینوفیکچرز کم ریٹیلرز، ہول سیلرز کم ریٹیلرز، امپورٹرز کم ریٹیلرز، اور ماہانہ فیس والے اسکول، کالجز، ٹریننگ سنٹرز اور یونیورسٹیز بھی ایف بی آر کے نظام سے رجسٹر ہوں گے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ شق 33 کے تحت ٹیکس نظام سے منسلک ہونا تمام کاروباروں کے لیے بنیادی شرط ہوگی، اور POS مشین کے علاوہ، شق 33 بی کے تحت کاروبار کو ایک ماہ کی CCTV ویڈیو ایف بی آر کے لیے فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔
ایف بی آر نے انتظامیہ اور کاروباری اداروں کو تاکید کی ہے کہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


