کراچی: ایف بی آر نے موجودہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ کا ٹیکس ہدف پورا کرلیا، 31 جنوری تک ٹیکس محاصل میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایف بی آر ندیم رضوی کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے 2 ہزار 550 ارب کے مقررہ ہدف سے 20 ارب روپے زائد یعنی 2 ہزار 570 ارب روپے ٹیکس جمع کیا اور 128 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کیے گئے۔
ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ عبوری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 7 ماہ کا 2550 ارب روپے کا ٹیکس ہدف تھا تاہم جولائی تا جنوری 2570 ارب روپے سے زیادہ ٹیکس جمع ہوا، 7 ماہ کے مقررہ ہدف سے 20 ارب روپے جبکہ گزشتہ سال کی نسبت 158 روپے زیادہ ٹیکس جمع ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں 340 ارب روپے ہدف کے مقابلے میں 363 ارب روپے جمع ہوئے، جولائی تا جنوری ٹیکس ریونیو میں ساڑھے 6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جنوری 2021 میں ٹیکس محاصل میں 12.6 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی، موجودہ مالی سال مجموعی ٹیکس ہدف 4963 ارب روپے ہے۔
عبوری اعدادو شمار کے مطابق 7 ماہ میں انکم ٹیکس محاصل میں 5.2 فیصد اضافہ ہوا اور 945 ارب روپے جمع ہوئے، سیلز ٹیکس ہدف سے 75 ارب روپے زیادہ یعنی 1075 ارب روپے جمع ہوا، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں گزشتہ سال سے 5 فیصد زیادہ 149 ارب روپے وصول ہوئے۔
ایف بی آرکےمطابق 31 جنوری تک ٹیکس محاصل میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ حتمی اعدادوشمار یکم فروری 2021 کو سامنے آئیں گے جبکہ کسٹمزڈیوٹی کی مد میں ہدف سے 56 ارب روپےزیادہ 397 ارب روپےجمع ہوئے۔7 ماہ میں 128 ارب روپے کے ریفنڈز بھی جاری کيے گئے۔