ہفتہ, فروری 14, 2026
اشتہار

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کے لئے اہم خبر آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کے لئے اہم خبر آگئی ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے خبردار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔

ایف بی آر نے شہریوں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا ہے کہ جو افراد مقررہ تاریخ تک اپنے انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور بیرونِ ملک سفر پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔

تاہم، جو ٹیکس دہندگان مقررہ وقت پر ریٹرن فائل کریں گے وہ ان سزاؤں سے مستثنیٰ رہیں گے۔

ایف بی آر کا کہنا تھا کہ تمام تنخواہ دار اور کاروباری افراد پر لازم ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں۔ ادارہ ریجنل ٹیکس دفاتر (RTOs) اور ہیلپ لائن کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں : انکم ٹیکس قوانین میں مسلسل ترامیم اور آن لائن پورٹل میں مسائل پر آواز اٹھ گئی

اس سے قبل ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 کے حوالے سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت دی تھی کہ اس فارم میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم نہیں کی گئی۔

ترجمان کے مطابق یہ فارم 7 جولائی 2025 کو ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔

ترجمان نے مزید بتایا تھا کہ فارم کے صفحہ 66 پر اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی ہے، بعض ٹیکس دہندگان اس خانے میں غلط طور پر "صفر” درج کر رہے تھے، جس کے باعث انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا ٹیکس دہندگان کی اپنی صوابدید ہے اور ایک بار ریٹرن جمع کرانے کے بعد انہیں دوبارہ فائل کرنے یا ترمیم کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

ایف بی آر نے امید ظاہر کی ہے کہ شہری اپنی جائیداد اور اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو قریب ترین اصل قیمت کے مطابق ظاہر کریں گے تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں