کراچی: ایف بی آر نے ویب سائٹ پر سائبر حملے کی تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ سائبر حملے سے متعلق خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، ایف بی آر کے آئی ٹی نظام میں کسی قسم کا خلل نہیں پڑا ہے۔
ترجمان اسد طاہر جپہ نے بتایا کہ معمول کی مرمت کے باعث ملک کے کچھ حصوں میں ویب پورٹل کی رسائی میں دشواری پیش آئی، ایف بی آر کا ویب پورٹل روانی سے چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آئی ٹی نظام میں ایک بار پھر خلل آیا تھا، جس کے باعث ادارے کا سرور بیٹھ گیا تھا، اور آفیشل ویب سائٹ کا ایڈریس ڈالنے پر تکنیکی خرابی پر مشتمل ”ایرر”کا پیغام آ رہا تھا۔
آئی ٹی نظام خلل ، ایف بی آر کا سرور بیٹھ گیا
بتایا گیا تھا کہ سائبر حملے کے بعد سے ایف بی آر کی ویب سائٹ اور مین سرور میں تاحال خرابی دور نہیں ہو سکی ہے، جس کے باعث آن لائن ٹیکس جمع کرانے والے شہریوں اور کمپنیز کو شدید دشواری کا سامنا تھا۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ کریش ہوئی ہو، اس سے قبل 30 ستمبر کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے رش کے باعث ادارے کا ٹیکس جمع کرنے والا سافٹ ویئر بیٹھ گیا تھا۔