اسلام آباد : ایف سی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن کرکےچینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پرملک میں اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا، ایف سی بلوچستان شمالی نے گزشتہ رات کامیاب آپریشن کرکے چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
خیال رہے حکومت نے اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور ان سرگرمیوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔
سرکاری اہلکاروں کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا کریک ڈاؤن کے لئے فہرستیں مکمل کرلی گئی ہے ، جس کی بنیاد پر سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔
اجناس اور کرنسی کے کاروبار کے طریقہ کار میں تبدیلی کرکے اہم پالیسی اصلاحات کی جارہی ہیں اور اسمگلنگ سے نمٹنے کے لئے زمینی، سمندری اور ہوائی اڈوں پر نگرانی کے نظام کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاہم سامان اور کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔