کوئٹہ: اٹھاون ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ساڑھے چارہزارجوان پاس آؤٹ ہوکرفرنٹیئر کور بلوچستان میں شامل ہوگئے۔
فرنٹیئرکوربلوچستان کے58 ویں بیچ کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ ٹریننگ سنٹر لورالائی میں منعقد ہوئی جس میں تربیت مکمل کرنے والے 4476 جوان حصہ لیتے ہوئے باقاعدہ طورپرایف سی بلوچستان کا حصہ بن گئے۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹننٹ عامر ریاض تھے جنہوں نے خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا ،اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے ملک سے وفاداری کا حلف اُٹھاتے ہوئے مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن اور محنت سے ادا کرنے کا عہد کیا۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں فرنٹیئرکورکی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اس لیے بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ نوجوان فرنٹیئر کور میں شمولیت اختیار کرکے قومی یکجہتی اور دفاع وطن کی ذمہ داری میں اپنا کردار اداکریں۔
خضدار میں بھی فرنٹیئر کور کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جہاں چا رسو اسی جوان تربیت مکمل کرکے ایف سی کا حصہ بن گئے، نئے شامل ہونے والے جوانوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ محنت اور جذبے سے اپنی تمام تر ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔