اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

کراچی میں دودھ کے شدید بحران کا خدشہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں دودھ کے بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے بھوسہ ڈیلرز کی ہڑتال کے باعث صوبائی دارالحکومت میں جانوروں کی خوراک کا شدید بحران پیدا ہو گیا۔

جس سے شہر میں دودھ اور ڈیری مصنوعات کی شدید قلت کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے، ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شوکت مختار نے بتایا 20 جولائی سے اندرون سندھ اور بلوچستان سے کراچی کے لیے بھوسے کی ترسیل مکمل طور پر بند ہے، بھوسہ لانے والے ٹرکوں کے ناجائز چالان اور مبینہ بھتہ خوری کے خلاف ڈیلرز نے احتجاجاً سپلائی معطل کر رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپلائی معطل ہونے سے کراچی کے ڈیری فارمز میں جانوروں کے لیے خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس سے لاکھوں مویشیوں کی زندگی اور صحت داؤ پر لگ گئی ہے۔

ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر جانوروں کو بروقت اور مناسب خوراک نہ ملی تو مویشی شدید غذائی قلت کا شکار ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں دودھ کی پیداوار میں نمایا ں کمی واقع ہو جائے گی، خوارک کی یہ کمی برقرار رہنے کی صورت میں کراچی کے شہریوں کو دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بحران کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہنگامی مداخلت کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

اس کے علاوہ چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی اور آئی جی سندھ کو بھی خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

خط میں اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سے بھوسے کی ترسیل فوری طور پر بحال کرائی جائے اور جانوروں کی خوراک کی بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کو کسی بھی بڑے ڈیری بحران سے بچایا جا سکے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں