کوئٹہ: آج کوئٹہ کے علاقے سٹی تھانے کے قریب لیاقت بازار میں ہونے والے بم دھماکے کے افسوس ناک واقعے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا ہے کہ شرپسندوں کے لیے پیغام ہے کہ اس مشکل وقت میں قوم متحد ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ بم دھماکے پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے گہرے دکھ کا کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔
اعجاز شاہ نے دہشت گردی کے واقعے کی فوری تحقیقات پر زور دیا، اور کہا کہ اس قسم کے واقعات کرانے والے ملک دشمن ہیں، امن و امان یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ دھماکے کے شہدا پر فخر ہے، ہر اجلاس میں سیکورٹی کی خامیاں دور کرتے ہیں، یہ دھماکا گنجان آباد علاقے میں ہوا جہاں لوگوں کا رش تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سٹی تھانے کے قریب دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 28 زخمی
ضیا لانگو نے کہا کہ ہماری فورسز دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، دہشت گردوں کو ہم شکست دے چکے ہیں، بزدلانہ حملوں سے فورسز کا مورال پست نہیں ہوگا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ اور افغان بارڈر پر باڑ کا کام جاری ہے، سرحد پر باڑ لگنے سے دہشت گردی میں کمی آئے گی۔
یاد رہے کہ آج کوئٹہ کے علاقے سٹی تھانے کے قریب لیاقت بازار میں دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 28 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہل کار بھی شامل تھے۔