اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک نتائج میں کم نمبروں والے طلبہ کے لیے خصوصی امتحانات کا اعلان کردیا، امتحانات 2020 کاآغاز 23 ستمبر سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق میٹرک نتائج میں کم نمبروں والے طلبہ کے لیے اچھی خبر آگئی، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا خصوصی امتحانات کااعلان کردیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ خصوصی سالانہ امتحانات 2020 کاآغاز 23 ستمبر سے ہوگا، داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 اگست مقرر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : میٹرک کے نتائج کا اعلان، لڑکیوں نے میدان مارلیا
یاد رہے وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے میٹرک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا ، جس میں سائنس، آرٹس گروپ کی پوزیشنز لڑکیوں نے حاصل کر کے میدان مار لیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق اے پی ایس اور ماڈل کالج کی 2 طالبات نے 1097 نمبرز لےکر پہلی پوزیشن حاصل کی، دوسری پوزیشن فہیم عباس نامی طالب علم اور زرتاشہ عباسی نے حاصل کی، جنہوں نے امتحانات میں 1096 نمبر لیے جبکہ تیسری پوزیشن پر 1095 نمبر حاصل کرکے 11 طلبہ کامیاب قرار پائے۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق بچوں کو پروموٹ کررہے ہیں اور نویں کلاس کی کارکردگی کی بنیاد پر دسویں کے طلبا کو 3 فیصد اضافی نمبر دیے گئے۔