اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 27-2026 کی بجٹ تجاویز اور فنانس بل کے مسودے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا، اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشنرز کی پنشن میں بھی 7 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ کے اس فیصلے کے بعد بجٹ دستاویزات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جسے اب پارلیمنٹ کے خصوصی بجٹ اجلاس میں پیش کیا جائے گا جہاں وزیرِ خزانہ اس کی مکمل تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں گے۔


