اسلام آباد : وفاقی حکومت نے قرآن پاک کی تعلیم کوتعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، قرآن کو تعلیمی نصاب میں کرنے سے متعلق سفارشات صوبائی حکومتوں کوارسال کردی گئیں ہیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم بلیغ الرحمان نے بتایا کہ پہلی تا بارہویں جماعت تمام اسکولز اورکالجز میں طلباء و طالبات کو قرآن کی تعلیم دینا لازم ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی تا پانچویں جماعت ناظرہ قرآن کی تعلیم دی جائے گی، چھٹی تا دسویں جماعت کے طلباء کو سرکاری اسکولوں میں قرآن کی تعلیم ترجمے کیساتھ دی جائیگی، چھٹی تا دسویں جماعت قران مجید کے واقعات سے متعلق صورتیں پڑھائی جائینگی، دسویں تا بارہویں جماعت قرآن پاک کی احکامات پرمبنی صورتیں پڑھائی جائینگی۔
وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ ہر جماعت کو روزانہ پندرہ منٹ قران کی تعلیم کیلئے مختص ہونگے، قرآن پاک کی تعلیم کے حوالے سے نصاب بھی تیار کر لیا گیا ہے، اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی بھی لی جا رہی ہے،انکا مزید کہنا تھا کہ قران مجید کی تعلیم سے متعلق تجاویز صوبوں کو فراہم کردیں ہیں، جو اسکا جائزہ لیکر جلد آگاہ کرینگے۔
دوسری جانب چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا خان محمد شیرانی نے حکومت کے اقدام کواحسن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیق کرکے مکمل تعاون فراہم کرینگے۔