حیدرآباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کوئی چور ڈھونڈنا ہو تو پی ڈی ایم کا اسٹیج دیکھ لیں، ان کے اسٹیج پر آپ کو سارے چور ملیں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا ایک اہم کام مستقبل کی قیادت کی تیاری ہے، سیاست کا مقصد صرف جلسے کرنے اور استقبال کرنا نہیں ہے، عوام کے مسائل سے آگہی اور ان کو آگے پہنچانا سیاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر اچھل کود کرنے والے جب تک معافی نہیں مانگیں گے عوام پیچھےنہیں ہٹیں گے، قوم اتنی بے ضمیر نہیں کے ایک عام سا سیاسی بندہ مزار پر اچھل کود کرے اور اسے چھوڑ دے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ زیادہ بڑی چیز کیا تھی صفدر کو صبح 6 بجے اٹھنا پڑا یا مزار قائد کی بے حرمتی کی گئی۔
اسد عمر نے کہا کہ صفدر اعوان کے سسر کہتے ہیں آپ کو جواب دینا پڑے گا، ارے آپ ہوتے کون ہو سوال کرنے والے، لوگوں نے پاکستان کو پانے کے لیے اپنے خاندان قربان کیے ہیں، یہ لوگ اپنےمحسن کوبھول نہیں سکتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ اپنی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام ہے، حیدرآباد کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے، اب اس شہر میں کام ہوتے نظر آئیں گے۔