واشنگٹن: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اہمیت پوری دنیا میں اُبھر کر سامنے آئی، دنیا کہتی ہے کہ پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی اہمیت عالمی سطح پر اُبھری ہے اور ملک کی سفارتی پالیسی کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں پاکستان اور پاکستانیوں کو اعلیٰ سطح کی عزت ملی، اور اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر کی تعریف کی گئی، یہ اعزاز نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی فخر کی بات ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف فلسطین اور غزہ کے موقف پر واضح اور مضبوط ہیں، اور مختلف فورمز پر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا مضبوط ٹیم ورک پاکستان کے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کی بہتری میں مددگار ثابت ہوا ہے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، تقریباً 90 ہزار شہری اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، پاکستان دنیا اور دہشت گردی کے درمیان ایک شیلڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم اور امریکی صدر کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، جس کی باڈی لینگویج باہمی اعتماد اور گرمجوشی کی عکاس تھی۔
عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ قیادت کی مؤثر حکمت عملی نے پاکستان کو عالمی مسائل پر نمایاں کردار ادا کرنے والا ملک بنایا ہے، اور جب قیادت ایماندار ہو اور قومی مفاد کو مقدم رکھے تو نتائج مثبت ہوتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


