اسلام آباد(5 نومبر 2025): وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت(فوسپا) نے بیوہ خاتون کو جائیداد کا حق دلوا دیا۔
فوسپا کی مدد سے خاتون کو وہ جائیداد واپس ملی جس کے بارے میں وہ لاعلم تھیں، وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے بیوہ کو اُس کا حق جائیداد واپس دلوا دیا، شوہر کے انتقال کے بعد رشتہ دار نے خاتون کی جائیداد پر قبضہ کرلیا تھا۔
فوسپا ترجمان کے مطابق جائیداد کا علم ہونے پر مہوش طاہر نے فوسپاہ سے رجوع کیا تھا، شوہر کے انتقال کے بعد جائیداد پر رشتہ دار نے قبضہ کر لیا، قبضہ کی گئی جائیداد کا کرایہ بھی رشتہ دار وصول کر رہا تھا۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ مہوش طاہر کے پاس جائیداد سے متعلق کوئی دستاویز یا معلومات نہیں تھیں، خاتون کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ جائیداد کہاں واقع ہے۔
فوسپا نے سی ڈی اے اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے تعاون سے جائیداد کی دستاویزات تک خاتون کی رسائی ممکن بنائی، فوسپا نے بیوہ خاتون کو اُس کا جائز اور شرعی حق دلوا دیا۔
وفاقی محتسب فوزیہ وقار کا کہنا ہے کہ کئی خواتین، خاص طور پر بیوائیں، اپنی جائیداد یا وراثت کے بارے میں مکمل معلومات نہیں رکھتیں، فوسپا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی بھی عورت صرف لاعلمی یا وسائل کی کمی کے باعث اپنے حق سے محروم نہ رہے۔
فوزیہ وقار نے مزید کہا کہ جائیدادوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل اور آسانی سے دستیاب بنایا جائے تاکہ خواتین اپنے حقوق خود حاصل کر سکیں۔


