اسلام آباد(15 جنوری 2026): بیرون ملک سےگاڑیوں کی درآمد کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کردی گئی۔
وفاق نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 میں ترامیم کی منظوری دے دی، جس کے بعد پرسنل بیگج کے تحت گاڑیوں کی درآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے، بیرون ممالک سے صرف اپنی رہائشی اسکیم اور تحفے کے تحت ہی گاڑی درآمد کی جاسکے گی۔
وزارت تجارت نے ترامیم کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا، درآمد کی جانیوالی گاڑی ایک سال تک کسی اور کے نام پر منتقل نہیں کی جاسکے گی، گاڑیوں کی درآمد کے لیے مقررہ مدت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
گاڑیوں کی درآمد کی مدت 700 دن سے بڑھا کر 850 دن کر دی گئی جبکہ استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر کم سےکم حفاظتی، ماحولیاتی معیار کا اطلاق لازم قرار دیا گیا ہے، ٹرانسفر آف ریذیڈنس اسکیم کے تحت درآمد گاڑیاں اسی ملک سے ہوں گی جہاں سمندر پار پاکستانی مقیم ہیں۔
ذرائع کے مطابق ECC نے اس تجویز پر پہلے 24 اکتوبر 2025 کو غور کیا تھا، جس کے بعد بین الوزارتی مشاورت کی گئی۔ اس دوران وزارتِ تجارت اور FBR نے اسکیمیں برقرار رکھنے کی حمایت کی، جبکہ MoIP/EDB نے ان اسکیموں کو ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ MOPHRD نے تمام اسکیموں کے فوائد پر زور دیتے ہوئے انہیں برقرار رکھنے کی سفارش کی۔
علیم ملک پاور ڈویژن، آبی وسائل، وزارت تجارت اور کاروبار سے متعلق دیگر امور کے لیے اے آر وائی نیوز کے نمائندے ہیں


