اوکاڑہ : معروف بیوٹی پارلر میں میک اپ کروانے کے بہانے سے دخل ہونے والی خواتین لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ اے ڈویژن اوکاڑہ کی حدود گول چوک کے نزدیک معروف بیوٹی پارلر میں خواتین ڈاکووں کی طرف سے ڈکیتی کی واردات ہوئی۔
جس میں دوخواتین ڈاکو پارلر میں داخل ہوئیں اور لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئیں۔
پولیس نے بتایا کہ دو مسلح نامعلوم خواتین ڈاکو میک اپ کروانے کے لیے پارلر میں داخل ہوئیں اور اسلحہ نکالتے ہوئے جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیتے ہوئے پارلر میں موجود خواتین کو یرغمال بنالیا اور ہزاروں روپے کی نقدی، 2 موبائل فونز، طلائی زیورات اور میک اپ کا سامان لوٹ لیا۔
واردات کے بعد ڈاکو خواتین پارلر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں، واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اے ڈویژن موقعہ پر پہنچی اور وقوعہ کی تفتیش شروع کردی۔
پولیس نے امید ظاہر کی ہےکہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔