کراچی سے لاہور کی پرواز میں مسافر خاندان کے سامان سے 19 لاکھ کا سونا چوری کرلیا گیا، پولیس نے وری کاروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر شبینہ ناز نامی مسافر 12 فروری کو اپنی فیملی کے ہمراہ کراچی سے نجی ایئر لائن کی پرواز پی ایف 145 سے لاہور گئیں۔
انہوں نے کراچی ایئرپورٹ سے اپنا بک کرایا گیا سامان لاہور ایئرپورٹ پر پہنچ کر وصول کرلیا اور مقامی ہوٹل پہنچی۔ مذکورہ خاندان نے ہوٹل جاکر اپنا سامان چیک کیا تو ہیرے کا سیٹ اور 19 لاکھ مالیت کے دیگر زیورات بیگ سے غائب تھے۔
خاتون نے فوری طور پر پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے واردات کرنے والوں کا سراغ لگالیا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ رائل ایئرپورٹ سروس کے 3 ملازمین آفتاب احمد، وقار حیدر اور سید ساجد حیدر چوری کی واردات میں ملوث نکلے۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تفتیش کی گئی، دوران تفتیش ملزمان کے قبضے سے19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کرلیے گئے ہیں۔
پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ یہ زیورات جہاز میں لوڈ کرنے کے بعد سامان سے چوری کئے تھے، واردات جہاز میں اس لیے کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بچ سکیں۔