نئی دہلی: بھارت میں ایک کالج کی طالبات نے اخلاق سے گرے ہوئے پیغامات بھیجنے پر پروفیسر کی دھنائی کردی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق واقعہ جنوب مشرقی پنجاب کے شہر پٹیالہ میں واقع گورنمنٹ کالج میں پیش آیا۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 طالبات پروفیسر کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔
اس دوران پروفیسر بچنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم اپنی کوشش میں ناکام ہے۔ ایک اور طالبہ پورے منظر کی ویڈیو بناتی نظر آرہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پروفیسر طالبات کو غیر اخلاقی پیغامات بھیج رہا تھا جس پر مشتعل ہو کر طالبات نے یہ قدم اٹھایا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جس میں استاد اپنا مقدس منصب بھلا کر غیر اخلاقی حرکات میں ملوث ہیں، اس سے قبل نئی دہلی کی جواہر لعل یونیورسٹی میں بھی ایک پروفیسر طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات میں ملوث پایا گیا تھا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔