اسلام آباد: فیصل آباد الیکٹرک کی نجکاری کیلئے 12 ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے دلچسپی ظاہر کردی ، جن میں ترکیہ کی 3 اور چین کی 1 کمپنی بھی شامل ہے۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی نجکاری کے عمل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت ملکی و بین الاقوامی 12 بڑی کمپنیوں نے فیسکو کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔
مشیرِ نجکاری محمد علی نے کہا کہ فیسکو کی نجکاری کے لیے 4 غیر ملکی اور 8 ممتاز مقامی سرمایہ کاروں نے پیشکشیں جمع کروائی ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں میں ترکیہ کی 3 اور چین کی 1 کمپنی شامل ہے، جبکہ 8 معروف پاکستانی کاروباری گروپس نے بھی اپنے اظہارِ دلچسپی جمع کرائے ہیں۔
سرمایہ کاروں نے فیسکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز خریدنے میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔
مشیرِ نجکاری محمد علی کا کہنا تھا کہ فیسکو کی نجکاری کے عمل میں نامور سرمایا کاروں کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پری کوالیفکیشن کے مرحلے کے تحت تمام موصول شدہ درخواستوں اور اسٹیٹمنٹس آف کوالیفکیشن کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا، اس مرحلے میں کوالیفائی کرنے والے سرمایہ کاروں کو نجکاری کے اگلے مرحلے میں شامل کر کے ورچوئل ڈیٹا روم تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
نجکاری کمیشن کے ترجمان ن نے کہا کہ فیسکو کی نجکاری کا بنیادی مقصد بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا، لائن لاسز میں واضح کمی لانا اور صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، اس اقدام سے توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم اور پائیدار بنانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں فیسکو کے ساتھ گجرانوالہ الیکٹرک (جیپکو) اور اسلام آباد الیکٹرک (آئیسکو) بھی شامل ہیں۔
جیپکو کے لیے اظہارِ دلچسپی جمع کرانے کی آخری تاریخ 21 اگست اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
نجکاری کمیشن نے اعادہ کیا ہے کہ تمام کمپنیوں کی نجکاری کا عمل مکمل طور پر شفاف، کھلا اور مسابقتی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔


