لاہور(20 فروری 2026): ایف آئی اے لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری سمیت 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور نے انسانی سمگلرز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مائیگرنٹ سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق، مختلف کارروائیوں کے دوران شیخوپورہ سے بابر علی اور ملک شہریار نامی ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزم بابر علی سال 2024 سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا، اس پر الزام ہے کہ اس نے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 30 ہزار روپے بٹورے تھے۔
دوسری جانب ملزم ملک شہریار علی نے ایک شہری کو برطانیہ میں ملازمت کا ویزا دلوانے کے نام پر 57 لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان رقم وصول کرنے کے بعد شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔
حکام کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


