اتوار, فروری 8, 2026
اشتہار

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں!

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں، ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گجرات اور منڈی بہاالدین میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا گرفتار ملزمان میں شہزاد احمد، محسن، محمد شریف اور اظہر نوید شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم شہزاد احمد نے ایک شہری کو غیر قانونی طور پر اٹلی بھجوانے کے بہانے لیبیا بھیجا اور مجموعی طور پر 37 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کی۔

ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم نے اپنے ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو لیبیا میں یرغمال بنایا، جہاں دیگر ملزمان شہری پر تشدد میں بھی ملوث رہے تاہم متاثرہ شہری تاحال لاپتہ ہے۔

اسی طرح ملزم محسن نے ایک شہری کو یونان میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 25 لاکھ 20 ہزار روپے بٹورے اور اس کے پاسپورٹ پر یونان کا جعلی ویزا اسٹیکر لگایا۔

ترجمان کے مطابق ملزم محمد شریف نے عمان میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 3 لاکھ 59 ہزار روپے ہتھیائے، جبکہ ملزم اظہر نوید نے اٹلی بھجوانے کے نام پر ایک شہری سے 23 لاکھ 36 ہزار روپے وصول کیے۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور شہریوں کو جھانسہ دے کر بیرون ملک بھجوانے والے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں