کراچی : فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی نے بہادرآباد میں غیر قانونی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مارکر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی جانب سے غیر قانونی ٹریول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مہم جاری ہے۔
کارروائی کے نتیجے میں ایف آئی اے نے بہادرآباد میں کاروان زائر الحسین ٹریول اور اینڈ ٹور سروسز نامی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مارا اور ملزمان عابد حسین اور احمر آفاق کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان ٹریول اینڈ ٹورز کے نام سے ملزم ارشد حسین کے ساتھ مل کر غیرقانونی دفتر چلارہے تھے۔
ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹ کے ساتھ ساتھ مختلف ٹریول ایجنسیوں کے دیگر جعلی لیٹر ہیڈز ، وزیٹنگ کارڈ ، ڈاک ٹکٹ بشمول اوکے ٹو بورڈ سٹیمپ اور آئی اے ٹی اے ڈاک ٹکٹ بشمول کے ٹو بورڈ اسٹیمپ بھی برآمد ہوئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔