ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب، بحری جہاز کا کپتان اور لانچ مالک گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے بحری جہاز کے کپتان اور لانچ مالک کو گرفتار کرلیا اور اڑتیس لاکھ روپے برآمد کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کی سی پورٹ ٹیم نے کراچی میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔

کارروائی کے دوران 38 لاکھ روپے برآمد کر کے بحری جہاز کے کپتان اور لانچ کے مالک سمیت اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزمان ایرانی شراب کی اسمگلنگ میں ملوث تھے اور اس غیر قانونی دھندے سے حاصل ہونے والی خطیر رقم ہنڈی حوالہ کے ذریعے پاکستان منتقل کی جا رہی تھی۔

دورانِ تفتیش یہ انکشاف بھی ہوا کہ دبئی میں موجود ایک بحری لانچ "العرفان” کو 80 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم بھی غیر قانونی طریقے (حوالہ) سے پاکستان منتقل کی گئی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق "غلام حسین” نامی شخص نے اس پورے نیٹ ورک میں ہنڈی حوالہ کے اہم سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک سے منسلک 38 لاکھ روپے کی نقدی برآمد کر لی گئی اور موقع سے بحری جہاز کے کپتان عبدالسلام اور لانچ کے مالک منصور بلوچ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزمان کے موبائل فونز قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جن کے فرانزک سے بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے انتہائی اہم اور ناقابلِ تردید شواہد حاصل ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے نے ملزم منصور بلوچ، کپتان عبدالسلام اور سہولت کار غلام حسین کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ رقم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے والے مالیاتی جرائم، ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں