لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) نے چالیس بڑے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کردیئے ، منجمد کئے گئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی اکاؤنٹس شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چینی سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے چالیس بڑےچینی ڈیلرزکےاکاؤنٹس سمیت چارسوچوبیس اکاؤنٹس منجمد کردیئے، سٹہ بازمافیا کیساتھ ان کے رشتے داروں کے بھی اکاؤنٹس فریز کئے گئے، فریز کئےگئے بینک اکاؤنٹس میں جعلی اور بے نامی بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فریز کئےگئے اکاؤنٹس میں سٹے کی رقم بھی منتقل ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ایف آئی اے کو 424اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 70ارب کی ٹرانزکشنز کا ریکارڈ مل گیا۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق کہ ابھی تک سٹہ بازی میں استعمال 75فیصداکاؤنٹس فریز کئے گئے ہیں ، مزید بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہورہی ہے ، شواہد ملنے پر مزید اکاؤنٹس بھی فریز کئےجائیں گے۔
یاد رہے وفاقی حکومت نے شوگر مافیاز کیخلاف کارروائی مزید تیز کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث شوگر ملز کو بلیک لسٹ کرنا شروع کردیا اور اس سلسلے میں ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے چھبیس ارب روپے کے غبن میں ملوث نو شوگر ملز کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔