گوجرانوالہ (14 اپریل 2026): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حافظ آباد میں اہم کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ٹریڈ ٹیسٹ سینٹر سے پردہ اٹھا دیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ حافظ آباد میں غیر قانونی ٹریڈ ٹیسٹ سینٹر پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی، انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ملزمان میں حاجی منور، محمد نواز، عمر خالد اور فیاض ذوالفقار شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 505 سے زائد پاکستانی پاسپورٹس برآمد کیے۔
یہ بھی پڑھیں: تارکین وطن کو دستاویزات بنوانے میں سہولت کاری کرنیوالا اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ گرفتار
ترجمان کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس غیر قانونی دفتر چلا رہے تھے، وہ بیرون ملک ویزوں کے نام پر شہریوں سے پاسپورٹس اور بھاری رقم وصول کرتے تھے۔
ایف آئی اے نے پاسپورٹس اور دیگر اہم شواہد قبضے میں لے کر تفتیش شروع کر دی جبکہ ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس اور پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


