(10 جنوری 2026): ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ ای ویزا پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی۔
فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق مسافر محمد عمران فلائٹ نمبر PC-131 کے ذریعے ترکی جا رہا تھا مسافر نے ترکی ای ویزا حصول کے لئے برطانیہ کا ای ویزا شیئر کوڈ استعمال کیا۔
حکام کا بتانا ہے کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی جانب سے پیش کیا گیا برطانیہ کا ای شئیر کوڈ ویزا جعلی نکلا، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے یو کے شیئر کوڈ جعلی نکاح نامے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، ملزم سے برآمد شواہد میں اونیزے قریشی نامی خاتون کے ساتھ نکاح کی جعلی ایڈیٹ شدہ تصاویر بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے تمام دستاویزات اور ٹکٹس لاہور کے مختلف ایجنٹوں کے ذریعے تیار کروائے ملزم نے 70 لاکھ روپے کے عوض دستاویزات تیار کروائیں جن میں سے 35 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی شادی 2014 سے سمیرا خاتون کے ساتھ ہے اور اس کے 4 بچے ہیں۔ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


