اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اس دوران 3 اہکار زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور دیگر اداروں کی ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی جاری ہے، کارروائی کے دوران غیر قانونی منی ایکسچینج کمپنیوں کے عملے نے مزاحمت کی۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ جھگڑےکےدوران ایف آئی اے کے 3 اہلکارزخمی ہوئے تاہم چھاپوں میں بھاری مقدار میں ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد کرلی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی کاکام کرنے والے باپ بیٹا شیخ مری داور شیخ اعجاز کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ بلیوایریامیں غیرقانونی منی ایکسچینج کےمالک سمیت7ملازمین کو گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے ڈالر ذخیرہ اندوزی کرنے والی ایکسچینج کمپنیز اور افراد کی نشاندہی کر کے فہرستیں تیار کر لی گئی ہے اور ایف آئی اے اور حساس اداروں نے کمپنیوں کا دو سالہ ڈیٹا بھی حاصل کر لیا ہے،
اس کے ساتھ ہی ایف آئی اے اور حساس اداروں نے بینکوں سے لاکرز مالکان اور سامان کی تفصیلات بھی جمع کرنا شروع کر دیں۔ تحقیقاتی ایجنسی اور اسٹیٹ بینک کو اطلاعات ہیں کہ ڈالر کی بڑی تعداد بینک لاکرز میں ذخیرہ ہیں۔