ملتان (10 جنوری 2026): ملتان ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے اہلکار عدیل کو مبینہ طور پر رشوت کے الزام پر گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون نے عدیل نامی ایک اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے، گرفتار اہلکار ملتان ایئرپورٹ پر بطور کانسٹیبل تعینات تھا، جس نے مبینہ طور پر رشوت لے کر اکیلی خاتون مسافر کو عمرہ کے لیے کلیئر کیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ خاتون کے پاس عمرہ سے واپسی کا ٹکٹ اور اخراجات کے لیے رقم موجود نہ تھی، ایجنٹ نے خاتون سے سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 80 ہزار روپے وصول کیے تھے، اور ایجنٹ نے مبینہ طور پر ایف آئی اے اہلکار کو خاتون کو آف لوڈ نہ کرنے کے لیے رشوت دی تھی۔
دریں اثنا، ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ ای ویزا پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ترکی جانے والے مسافر محمد عمران کو پکڑ لیا، مسافر نے ترکی ای ویزا حصول کے لیے برطانیہ کا ای ویزا شیئر کوڈ استعمال کیا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی جانب سے پیش کیا گیا برطانیہ کا ای شیئر کوڈ ویزا جعلی نکلا، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے یو کے شیئر کوڈ جعلی نکاح نامے کی بنیاد پر حاصل کیا تھا۔


