کراچی (13 مئی 2026): آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ارشد کُم کُم نے الزام لگایا ہے کہ مارکیٹیوں میں بھیس بدل کر ایف آئی اے کے اہلکار آتے ہیں اور لوٹ مار کر کے چلے جاتے ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز مرچنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ارشد کُم کُم نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمیں کاروبار نہیں کرنے دیا جا رہا، ہمارا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔
کراچی صدر صرافہ مارکیٹ میں چھاپوں کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس میں تاجروں نے کہا کہ وہ مارکیٹیں بھی بند کر دیں گے اور شہر بھی، رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ مال بارڈر سے آ رہا ہے، کسٹم سے ہو کر آ رہا ہے، اور یہ یہاں مارکیٹوں میں چھاپے مار رہے ہیں۔
کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ کوئی تاجر غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہے تو ادارے ہم سے رابطہ کریں، ہم خود حوالے کریں گے۔
مہنگائی کا نیا طوفان: گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
تاجر رہنما جمیل پراچہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل اس صورت حال کا نوٹس لیں اور محسن نقوی کو ہدایت کریں کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے، نیز شہر میں لاک ڈاؤن فی الفور ختم کیا جائے۔
تاجر رہنما جمیل پراچہ نے کہا کہ بھیس بدل کر ایف آئی اے کی وردی میں ملبوس افراد لوٹ مار کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل نوٹس لیں اور وفاقی وزیر داخلہ کی قیادت میں کمیٹی قائم کریں۔
پریس کانفرنس سے قبل تاجروں نے معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر ریلی بھی نکالی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ تاجر رہنماؤں نے فیلڈ مارشل سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ معیشت بھی کریں۔
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں



