اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو طلب کرلیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سلیمان شہباز کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 25 ستمبر کو لاہور کے دفتر میں طلب کیا جس کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے‘۔
ذرائع کے مطابق سلیمان شہباز کو جاری کیے گئے نوٹس میں سوالات موجود ہیں جن کے ملزم سے جوابات بھی مانگے گئے ہیں۔
ایف آئی اے نے نوٹس میں درج کیا کہ 9 ارب 20 کروڑ روپے کی رقم رمضان شوگر مل اور العربیہ مل کے ملازم کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی، جمع کرائی جانے والی رقم سے متعلق وضاحت پیش کی جائے۔
ایف آئی اے نے سلیمان شہباز سے وضاحت مانگی ہے کہ وہ رقم کی آمدن اور خرچ ہونے سے متعلق جواب دیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 16 ستمبر کو احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں سلمان شہباز اور ہارون یوسف کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔
عدالت نے سلمان شہباز اور ہارون یوسف کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے دونوں کی واپسی سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔ تحریری حکم کے مطابق نصرت شہباز اور رابعہ عمران کو طلبی کے نوٹس بھجوائے گئے، تعمیل کنندہ کی رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین بیرون ملک فرار ہو چکی ہیں جس پر ان کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کی گئے۔