پیر, ستمبر 7, 2026
اشتہار

فیلڈ مارشل کا سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ ، گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں سے ملاقات میں گراں قدر خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کا تجربہ، رہنمائی اور مسلسل وابستگی کو قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیے کا اہتمام کیا، جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں سے ملاقات کی اور ملکی دفاع کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور زندگی بھر کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل نے سابق فوجیوں کے تجربے، رہنمائی اور پاک فوج کے ساتھ ان کی مسلسل وابستگی کو ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے تیزی سے بدلتے اور پیچیدہ ماحول میں درپیش چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے سابق فوجیوں کے تجربات سے استفادہ کرنا انتہائی اہم ہے۔

فیلڈ مارشل نے قومی استقامت کو مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کے دیرپا اور تاریخی کردار کا کھل کر اعتراف کیا۔

تقریب میں موجود سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اپنے پختہ اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے ابھرتے ہوئے تمام سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں