منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (5 فروری 2026): آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی صبح دیکھے گا، ہندوتوا پر بنی سوچ اور زیادتیاں کشمیری عوام کی جدوجہد اور امنگوں کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا، انہوں نے آمد پر جدوجہد آزادی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھول رکھے اور ان کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے تحریک کشمیر کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو دو ٹوک پیغام

بعدازاں عمائدین اور سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کشمیریوں سے غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا پر بنی سوچ کے تحت کی جانے والی زیادتیاں کشمیری عوام کی حقیقی جدوجہد اور امنگوں کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہیں۔

کشمیر کاز کیلیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کشمیر جلد ہی کشمیری عوام کی خواہش اور امنگوں کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا، کشمیر میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا، جب تک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا منصفانہ حل نہیں نکل آتا پاکستان ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

سپہ سالار نے چیلنجنگ آپریشنل حالات کے باوجود کشمیر میں تعینات افسروں اور سپاہیوں کی غیر متزلزل لگن، اعلیٰ حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی۔ انہوں نے کسی بھی اشتعال انگیزی کو مؤثر طریقے سے روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کیلیے بھرپور آپریشنل تیاری، مستعدی، اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے ایک اگلے مورچے کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں سے بات چیت کی۔ دورے کے دوران انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مناسب جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج ابھرتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کیلیے پوری طرح تیار ہیں۔

قبل ازیں آمد پر کمانڈر راولپنڈی کور نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

+ posts

لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں