منگل, مارچ 17, 2026
اشتہار

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو دو ٹوک پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی (4 فروری 2026): آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شر پسندوں کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ کوئی بھی دہشتگرد یا اس کا سہولت کار نہیں بچے گا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں ان کا کہنا تھا کہ کوئی دہشتگرد یا اس کا سہولت کار قانون سے بالاتر نہیں، تمام عناصر کو بلاامتیاز قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا، دہشتگردی اور تشدد کو کسی بھی جواز کے تحت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو دورے کے دوران صوبے میں مجموعی سکیورٹی صورتحال اور داخلی سلامتی کے جاری آپریشنز پر جامع بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر قرار

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بریفنگ میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم عالمی سطح پر نامزد دہشتگرد تنظیم فتنہ الہندوستان کی جانب سے حالیہ دہشتگرد حملوں، ان کے پس پردہ عوامل اور سکیورٹی فورسز کے فوری اور جارحانہ ردعمل سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں کے باعث دہشتگردوں کا بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کا مذموم ایجنڈا ناکام بنا دیا گیا، اس موقع پر ریاستی رٹ مزید مضبوط بنانے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سپہ سالار نے پاک فوج، فرنٹیئر کور بلوچستان، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر امن و امان کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے زخمی جوانوں کے بلند حوصلے، بہادری اور استقامت کو سراہتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کیلیے ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔

+ posts

لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں