بہاولپور: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں کور کی آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے خیرپور ٹامیوالی میں منعقدہ تربیتی جنگی مشق اسٹیڈفاسٹ ریزولوو کا بھی مشاہدہ کیا۔
مشقوں کے دوران ڈرونز، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تیاری کو سراہا۔
جوانوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے اور مستقبل میں ٹیکنالوجیکل منیورز جسمانی منیورز کی جگہ لیں گے، جس کے لیے ذہنی تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، جہاں انوویشن اور انڈیجینائزیشن بنیادی ستون ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب کا افتتاح کیا، جو طلبہ میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
انہوں نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کا عزم برقرار ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی مینٹیننس، انڈیجینائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اس سے قبل بہاولپور گیریژن پہنچنے پر کمانڈر بہاولپور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی، شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


