اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور فیفا ہاؤس تنازع حل نہ ہو سکا، فیفا کی ڈیڈ لائن گزرگئی جب کہ انجینئر اشفاق گروپ نے قبضہ نہ چھوڑا۔
تفصیلات کے مطابق انجینئر اشفاق گروپ نے فیفا ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا، گزشتہ روز قبضہ چھڑانے کے لیے فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے پاکستان کو آج رات 8 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
تاہم حکومتی سطح پر دونوں گروپس سے رابطے بے سود ثابت ہو گئے ہیں، اشفاق گروپ نے لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا۔
فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے فیفا ہاؤس کا چارج نہ ملنے پر فیفا کو تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے ای میل بھیج دی ہے۔
اب پاکستان فٹ بال کے مستقبل کا فیصلہ فیفا کرے گی، فیفا پاکستان پر 5 سال کی پابندی عائد کر سکتی ہے۔
دوسری طرف آج اس معاملے پر حکومت بھی متحرک ہوئی ہے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں نے فیفا کو خط لکھا ہےکہ اپنا وفد بھیجیں، ہم درخواست کریں گے کہ ہمیں تھوڑا وقت دیں۔
انھوں نے کہا حکومت نے کسی فیڈریشن کے معاملے پر مداخلت نہیں کی، حکومت کی کوشش ہے کہ ڈائیلاگ کے ذریعے معاملہ حل ہو، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان پر فیفا کی جانب سے پابندی لگے۔
فہمیدہ مرزا نے کہا پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی آپس میں اس معاملے کا حل نکالیں۔