ٹورنٹو (14 جون 2026): فیفا ورلڈ کپ میں کینیڈا اور بوسنیا کے میچ کے بعد اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کرنے پر دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ٹورنٹو میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کا میچ ہوا، جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کا نتیجہ نہ نکلنے پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کا ایک گروہ مشتعل ہو گیا۔
مشتعل گروہ نے اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کی اور سیکیورٹی پر موجود پولیس افسر پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس نے اسٹیڈیم سے دو افراد کو ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ ٹورنٹو پولیس سروس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق جرمنی سے ہے اور ان کی عمرین 25 اور 27 سال ہیں۔ ملزمان مبینہ طور پر بوسنیائی شائقین کے ایک گروپ سے وابستہ ہیں۔
پولیس نے ملزمان پر ایک پولیس افسر پر حملے کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کر لیا ہے۔
مذکورہ واقعے کے بعد ٹورونٹو پولیس ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر شائقین کو خبردار کرتے ہوئے دلچسپ تحریر کے ساتھ پیغام جاری کیا ہے۔
اس پیغام میں لکھا گیا ہے کہ ’ہم خوش ہیں کہ آپ ورلڈ کپ سے لطف اندوز ہونے آئے ہیں، لیکن ایسا محفوظ انداز میں کریں۔ پولیس افسر پر ہاتھ اٹھائیں گے تو گرفتار ہوں گے، مقدمہ قائم ہوگا اور ہمارے حوالات میں ٹی وی بھی نہیں ہے، لہٰذا آپ وہ میچ بھی نہیں دیکھ پائیں گے جس کے لیے آئے تھے۔‘
واضح رہے ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان کینیڈا نے میچ 1-1 سے ڈرا کرنے کے بعد ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کیا۔


