کراچی (8 جون 2026): فیفا ورلڈ کپ 2026 ٹرافی کون جیتے گا مسلسل چار فاتحین کی درست پیشگوئی کرنے والے نے نئے چیمپئن کا نام بنا دیا۔
دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے عالمی کپ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں اب صرف دو دن باقی رہ گئے اور جہاں فٹبال کے دلدادہ میگا ایونٹ شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں وہیں وہ اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کے چیمپئن بننے کی تمنا بھی کر رہے ہیں۔
فٹبال گیمز کے لیے معروف ویڈیو گیم کمپنی ای اے اسپورٹس ایف سی نے 2026 کے ٹورنامنٹ کے ممکنہ فاتح کی پیشگوئی کی ہے۔
اب ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں اس کمپنی نے بتایا کہ ہم نے 4 بار درست پیشگوئی کی اور اب ایک بار پھر ایسا کرنے والے ہیں۔
ای اے اسپورٹس کمپنی کے مطابق 2026 ورلڈ کپ کا فاتح اسپین ہوگا۔
مذکورہ کمپنی 2010 سے فیفا ورلڈ کپ کے چیمپئن کی درست پیشگوئی کرتی آ رہی ہے۔ 2010 میں اسپین، 2014 میں جرمنی، 2018 میں فرانس اور 2022 میں ارجنٹینا کے جیتنے کی پیشگوئی کی گئی تھی، جو حرف بہ حرف درست ثابت ہوئی تھی۔
دوسری جانب مذکورہ اسپورٹس کمپنی سے قبل اوپٹا سپر کمپیوٹر نے بھی اسپین کے فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے کی پیشگوئی کی ہے۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا میگا ایونٹ ہے، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں اور 1248 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔
امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ 4 ٹیموں پر مشتمل ہے جبکہ مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں ہر گروپ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں جائیں گی اور ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار راؤنڈ آف 32 کا آغاز ہوگا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 سے چند دن قبل میزبان ملک میکسیکو پر بچھوؤں کی یلغار


