(8 مئی 2026): فٹبال کا شوقین اگر کوئی شخص فیفا ورلڈ کپ فائنل کا 20 لاکھ ڈالر کا ٹکٹ خریدے گا تو اس کے لیے فیفا صدر نے مفت انعام کا اعلان کیا ہے۔
دنیا کا سب سے مقبول کھیل فٹبال کا عالمی کپ اگلے ماہ سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے اور اس کے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
فائنل میچ کا ٹکٹ امریکا کی کئی ریاستوں میں 23 لاکھ ڈالر تک میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے جب فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو سے سوال کیا گیا تو انہوں نے ایک دلچسپ اعلان کر دیا کہ اگر کوئی 20 لاکھ میں فائنل کا ٹکٹ خریدے گا تو وہ خود اس کو ایک ہاٹ ڈاگ اور ایک کولڈ ڈرنک مفت دیں گے۔
بعد ازاں فیفا صدر نے فائنل میچ کے اتنے مہنگے ٹکٹ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں ڈالر میں ورلڈ کپ کے ٹکٹ فروخت ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ فیفا نے ٹکٹ اتنی قیمت پر فروخت کیے ہیں بلکہ امریکا میں ٹکٹ دوبارہ فروخت کرنے کی اجازت ہے جس کی وجہ سے قیمتیں کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے تقریباً 25 فیصد ٹکٹ 300 ڈالر سے کم قیمت میں دستیاب ہیں جو امریکی کالج کھیلوں کے مقابلوں کے برابر سمجھے جا سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


