منگل, اگست 11, 2026
اشتہار

فیفا ورلڈ کپ پہلا سیمی فائنل: آج فرانس اور اسپین کی ٹیمیں ٹکرائیں گی

اشتہار

حیرت انگیز

آرلنگٹن (14 جولائی 2026): فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل ورلڈ نمبر ون فرانس اور نمبر تھری اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

فٹبال فینز کا انتظار ختم ہو گیا۔ ورلڈ کپ کا پہلا فائنلسٹ کون ہوگا، اس فیصلے کے لیے پہلا سیمی فائنل آج ہوگا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا سیمی فائنل آج آرلنگٹن کے ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فیفا رینکنگ میں ورلڈ نمبر ون فرانس کی ٹیم اور تیسرے نمبر پر موجود اسپین ٹیم آپس میں ٹکرائیں گی۔ فاتح ٹیم کو فائنل میں جگہ ملے گی۔

فرانس کی ٹیم ورلڈ کپ میں اب تک نا قابل شکست ہے اور ہر حریف اس کے سامنے ڈھیر ہوا ہے۔ تمام 6 میچز جیتنے والی ٹیم نے 16 بار گیند جال میں پہنچائی اور ٹاپ فور میں جگہ بنائی۔

ہسپانوی ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں نا قابل شکست ہے۔ 2010 کی چیمپئن ٹیم نے 16 سال بعد سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔ دفاع دم دار اور مڈ فیلڈ بھی کمال۔ پورے ورلڈ کپ میں صرف بیلجیم ہی ایک گول کر سکا۔

فرانس کی جانب سے اسٹار فٹبالر کپتان ایمباپے رواں ورلڈ کپ میں 8 گول کر کے اسٹار لیونل میسی کے برابر اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں شامل ہیں جب کہ عثمان ڈیمبیلے 5 گول کر چکے ہیں۔

دوسری جانب اسپین کے لیے رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 4 گول میکائیل اویارزبال نے اسکور کیے ہیں۔

اسپین کے اسٹار کھلاڑی لامین یامال اب تک ورلڈ کپ میں اپنا جادو نہیں دکھا سکے۔ تاہم ٹیم کو اب بھی ان سے امیدیں ہیں اور فائنل میں جانا ہے تو یامال کو اسکور کرنا ہوگا۔

دونوں ٹیمیں یورپ کی مضبوط ترین ٹیمیں ہیں۔ فرانس بظاہر ایونٹ فیورٹ مگر، اسپین کے پاس سرپرائز کرنے کی صلاحیت ہے، جس نے یورو کپ اور نیشنز لیگ میں شکست تھمائی تھی۔

دو بار کی عالمی چیمپئن فرانس چار بار ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکی ہے اور سیمی فائنل میں فتح کی صورت میں فرنچ ٹیم مسلسل تیسرا جب کہ مجموعی طور پر پانچواں فائنل کھیلے گی۔

دوسری جانب 2010 کی عالمی چیمپئن 16 سال بعد دوسری بار ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کے لیے جان توڑ کوشش کرے گی۔

ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 70 ہزار سے زائد گنجائش والے ڈیلاس اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 12 بجے شروع ہوگا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد کیا ہوگا؟ فیفا کے اعلان سے دنیا حیران

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں