بوسٹن(10 جولائی 2026): کپتان کلیان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کی شاندار کارکردگی کی بدولت فرانس نے مراکش کو 0-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل کا آغاز انتہائی سنسنی خیز تھا۔ میچ کی ابتداء سے ہی فرانسیسی ٹیم کھیل پر چھائی رہی اور مراکش کے گول پر کئی خطرناک حملے کیے۔
میچ کے دوران ایمباپے کو ڈی میں گرانے پر فرانس کو پینلٹی کک بھی ملی، لیکن ایمباپے کی ہٹ کو مراکشی گول کیپر نے باآسانی روک کر اپنی ٹیم کو خسارے سے بچایا، جس کے باعث پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں بھی فرانسیسی ٹیم نے اپنی جارحانہ حکمت عملی برقرار رکھی اور مراکش کے دفاع کو شدید دباؤ میں رکھا۔ میچ کے 60 ویں منٹ میں کپتان کلیان ایمباپے نے شاندار گول کر کے فرانس کو 0-1 کی برتری دلائی۔
اس گول کے ساتھ ہی ایمباپے نے ورلڈ کپ ایونٹ میں لیونل میسی کے 8 گولز کا تاریخی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔
فرانس نے اپنی گرفت مزید مضبوط کرتے ہوئے محض 6 منٹ بعد، یعنی 66 ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے کے خوبصورت گول کی بدولت برتری کو 0-2 کر دیا۔
میچ کے 82 ویں منٹ میں مراکش کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا جب انہیں فری کک ملی، لیکن فرانسیسی گول کیپر نے انتہائی خوبصورتی سے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔
اس کے بعد بھی مراکش کو گول کرنے کا ایک اور موقع ملا مگر ان کے کھلاڑی گیند کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہے اور فرانس نے یہ میچ دو صفر سے اپنے نام کر لیا۔
واضح رہے کہ مراکشی ٹیم نے اس سے قبل 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اسے کروشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اس بار فرانس نے ان کا سفر کوارٹر فائنل میں ہی تمام کر دیا۔


