فیفا ورلڈ کپ 2026 میں وی اے آر فیصلوں پر شائقین فٹبال سوشل میڈیا پر ارجنٹینا کے حق میں فیصلے قرار دیتے ہوئے میگا ایونٹ کو طے شدہ قرار دے رہے ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 جہاں نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے، وہیں اس میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کے فیصلوں پر بحث شروع ہو گئی ہے اور شائقین کی اکثریت دفاعی چیمپئن کے میچز میں ہونے والے فیصلوں کو ارجنٹینا کے حق میں قرار دے رہے ہیں۔
ارجنٹینا کے خلاف الزامات کی وجہ کئی متنازع فیصلے بنے۔ خاص طور پر پری کوارٹر فائنل میں مصر کے خلاف میچ میں مصر کا ایک گول وی اے آر مداخلت کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔ اس فیصلے کے باعث میچ میں مصر نے برتری حاصل کرنے کے باوجود میچ 2-3 سے ہار دیا۔
اس فیصلے پر مصری ٹیم نے اعتراض بھی کیا اور یہ الزام بھی عائد کیا کہ یہ ورلڈ کپ ارجنٹینا کو ایوارڈ کیا جا چکا ہے۔
اسی طرح الجزائر کے خلاف میچ میں لیونل میسی کے ایک سخت ٹیکل پر بھی بحث ہوئی جس میں کئی افراد کا خیال تھا کہ انہیں سرخ کارڈ ملنا چاہیے تھا، لیکن ریفری نے کوئی کارڈ جاری نہیں کیا۔
ان ہی متنازع فیصلوں کے باعث سوشل میڈیا پر یہ دعوے بھی کیے جا رہے ہیں کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 طے شدہ ہے اور ارجنٹینا ہی نیا چیمپئن ہوگا۔ تاہم اس دعوے میں کتنی سچائی ہے، اس کا پول وی اے آر کے اپنے اعداد وشمار ہی بتاتے ہیں۔
تاہم عالمی خبر رساں ادارے کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے راؤنڈ آف 16 پری کوارٹر فائنل مرحلے تک تمام میچز میں دیے گئے وی اے آر اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس میں سر فہرست ارجنٹینا نہیں بلکہ پری کوارٹر فائنل میں ہی میگا ایونٹ سے باہر ہونے والی ٹیم میکسیکو ہے، جو سوشل میڈیا پر کیے گئے دعووں کو غلط ثابت کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گروپ مرحلے سے لے کر راؤنڈ آف 16 تک ارجنٹینا کی ٹیم ان ٹیموں میں دوسرے نمبر پر رہی جنہیں وی اے آر سے سب سے زیادہ فائدہ ملا۔
اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا کے حق میں وی اے آر مداخلت کی شرح فی 100 فاؤلز 6.7 رہی، جبکہ اس کے خلاف کوئی وی اے آر فیصلہ نہیں آیا۔
اس فہرست میں میکسیکو پہلے نمبر پر رہا جس کے حق میں شرح 7.8 رہی۔ دوسرے نمبر پر ارجنٹینا جب کہ تیسرے نمبر پر پرتگال جس کے حق میں وی اے آر مداخلت کی شرح 4.6، چوتھے پر نیوزی لینڈ 4.2 اور پانچویں نمبر پر سعودی عرب 3.5 کی شرح سے رہی۔
دوسری جانب میگا ایونٹ میں کروشیا وہ ٹیم رہی جسے وی اے آر فیصلوں میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کے حق میں کوئی وی اے آر فیصلہ نہیں آیا جبکہ اس کے خلاف فیصلوں کی شرح 6.5 رہی۔
ایران کے خلاف 5.4، قطر کے خلاف 5.1، جرمنی کے خلاف 4.0 اور انگلینڈ کے خلاف 3.5 کی شرح سے خلاف فیصلے آئے۔
اعداد و شمار سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ عالمی کپ کے فیصلے جانبدارانہ ہیں تاہم یہ ضرور ظاہر ہوتا ہے کہ ارجنٹینا کو اب تک وی اے آر کے ذریعے زیادہ فائدہ ملا ہے، جبکہ اس کے خلاف کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب فیفا حکام نے ریفریز پر ارجنٹینا کی جانبدای کا الزام بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میدان کے فیصلے ہمیشہ غیر جانبدار بنیادوں پر کیے جاتے ہیں۔
ماہر نجوم نے انگلینڈ اور ارجنٹینا کے سیمی فائنل کی پیش گوئی کردی


