بدھ, جولائی 15, 2026
اشتہار

فیفا ورلڈ کپ 2026 کی پہلی ہیٹ ٹرک، لیونل میسی نے کارنامہ انجام دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کینساس (17 جون 2026): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک شان دار میچ میں ارجنٹینا نے الجزائر کو 0-3 سے شکست دے دی، جس میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ہیٹ ٹرک کیا۔

فٹبال ورلڈ کپ میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پہلی مرتبہ ہیٹ ٹرک کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، انھوں نے منگل کی رات الجزائر کے خلاف ارجنٹینا کی 0-3 سے فتح میں آل ٹائم ورلڈ کپ گولز کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

میسی فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں 27 میچوں میں 16 گول کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، یعنی انٹر میامی سی ایف کے سپر اسٹار اب اپنے کیریئر میں ورلڈ کپ کے سولہ گول کر چکے ہیں، اور اس طرح جرمنی کے لیجنڈ میروسلاو کلوزے کے ریکارڈ کے برابر آ گئے ہیں۔

یہ کامیابی انھوں نے کنساس سٹی میں گروپ جے کے افتتاحی میچ میں اپنے ورلڈ کپ کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کے ذریعے حاصل کی۔ 8 مرتبہ ’بیلون ڈی اور‘ جیتنے والے میسی اگلے میچ میں، ڈلاس میں پیر کو آسٹریا کے خلاف سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ تنہا اپنے نام کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ موجودہ ورلڈ کپ چیمپئن ارجنٹینا 27 جون کو ڈلاس میں اردن کے خلاف بھی کھیلے گا۔


فٹبال ورلڈ کپ کا یہ دن اس حوالے سے بھی نمایاں رہا کہ اس دن عالمی فٹ بال کے بڑے ستاروں فرانس کے کیلیان ایمباپے اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے 2، 2 گول کیے، جب کہ میسی نے ان دونوں سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے اپنے چھٹے ورلڈ کپ کا آغاز یادگار انداز میں کیا اور تین گول کیے۔ یہ دن ان کے پہلے ورلڈ کپ گول کی بیسویں سالگرہ کا بھی دن تھا۔


ارجنٹینا کے مشہور نمبر 10 نے پہلے ہاف میں اسکورنگ کا آغاز کیا، پھر دوسرے ہاف میں مزید 2 گول کر کے ارجنٹینا کے لیے اپنے 200 ویں بین الاقوامی میچ کو یادگار بنا دیا۔ اس کے ساتھ ہی میسی پرتگال کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو کے بعد تاریخ کے دوسرے کھلاڑی بن گئے جنھوں نے 5 مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول اسکور کیے۔

نیمار کے مداحوں کیلیے بُری خبر آگئی

میسی کے ورلڈ کپ سفر کا آغاز 2006 کے ورلڈ کپ میں سربیا و مونٹی نیگرو کے خلاف ایک گول سے ہوا تھا۔ بعد ازاں 2022 کے ورلڈ کپ فائنل میں انھوں نے فرانس کے خلاف 2 گول کر کے ارجنٹینا کو سنسنی خیز پنالٹی شوٹ آؤٹ فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

لیونل میسی کے ورلڈ کپ گولز:


16 جون 2006 بمقابلہ سربیا و مونٹی نیگرو: 1 گول

15 جون 2014 بمقابلہ بوسنیا: 1 گول

21 جون 2014 بمقابلہ ایران: 1 گول

25 جون 2014 بمقابلہ نائجیریا: 2 گول

26 جون 2018 بمقابلہ نائجیریا: 1 گول

22 نومبر 2022 بمقابلہ سعودی عرب: 1 گول

26 نومبر 2022 بمقابلہ میکسیکو: 1 گول

3 دسمبر 2022 بمقابلہ آسٹریلیا: 1 گول

9 دسمبر 2022 بمقابلہ نیدرلینڈز: 1 گول

13 دسمبر 2022 بمقابلہ کروشیا: 1 گول

18 دسمبر 2022 بمقابلہ فرانس: 2 گول

16 جون 2026 بمقابلہ الجزائر: 3 گول

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں