(18 جون 2026): ارجنٹینا کے چیمپئن کپتان لیونل میسی الجزائر کے خلاف پہلا گول کر کے کیوں روئے صحافی نے لیجنڈ فٹبالر کے ذاتی دکھ سے پردہ اٹھا دیا۔
دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنے پہلے میچ میں الجزائر کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے تین صفر سے فتح حاصل کی اور تینوں گول کپتان لیونل میسی نے کر کے رواں میگا ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی بنائی۔
تاہم لیونل میسی نے جب الجزائر کے خلاف پہلا گول کیا تو اس کے بعد ان کی آنکھیں بھیگ گئیں اور یہ منظر کیمروں کے ذریعہ پوری دنیا نے دیکھا۔
لیجنڈ فٹبالر کو یوں روتے دیکھ کر قیاس آرائیاں جنم لینے لگیں اور خود میسی کو وضاحت کرنی پڑی کہ ان کے رونے کا تعلق میچ سے نہیں تھا۔
تاہم اب ارجنٹینا کے کپتان کے رونے کی وجہ پتہ چل گئی ہے اور ان کے اس ذاتی دکھ سے پردہ ملکی صحافی نے اٹھایا ہے۔
ارجنٹینا کے صحافی کے مطابق میسی کی آنکھوں میں آنسو ان کے والد کی خراب صحت کی وجہ سے تھے۔ میچ کے دوران اور اختتامی سیٹی کے بعد میسی واضح طور پر جذباتی اور تھکے ہوئے دکھائی دیے اور پہلا گول کرنے کے فوراً بعد ان کی آنکھوں میں آنسو نمایاں ہو گئے۔
صحافی ایڈوارڈو فائن مین نے ریڈیو پروگرام میں جو ”میٹری” اسٹیشن پر نشر ہوا، لیونل میسی کی آنکھوں میں آنے والے آنسوؤں کی اصل وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میسی کی آنکھیں نم ہونے کی وجہ ان کے والد کی طبیعت نا سازی ہے۔
ایڈوارڈو نے بتایا کہ میسی کے والد خورخے میسی ایک سال سے سنگین بیماری کا شکار ہیں اور اس وقت ان کی حالت بہتر نہیں ہے بلکہ تشویشناک ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ لیونل میسی نے میچ کے بعد اپنے دل گیر رویے کی وجہ کھیل کے میدان سے ہٹ کر ایک مشکل دور کو بتایا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ میں نے مشکل دن دیکھے ہیں۔ میں پورے ٹیم اسٹاف اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کیونکہ وہ ہمیشہ کی طرح میرے ساتھ کھڑے رہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی پہلی ہیٹ ٹرک، لیونل میسی نے کارنامہ انجام دے دیا


