نیویارک(20 جولائی 2026): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری بار عالمی چیمپئن بننے کے بعد ہسپانوی فٹبال فیڈریشن پر ڈالرز کی برسات ہو گئی ہے۔
نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے 106 ویں منٹ میں فیران ٹوریس کا گول اسپین کے لیے سونے کی قیمت کے برابر ثابت ہوا، جس نے اسپین کو ٹرافی کے ساتھ ساتھ فٹبال تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی دلا دی۔
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم ہونے کے ناطے اسپین فٹبال فیڈریشن کو 5 کروڑ ڈالرز (50 ملین ڈالرز) کی ریکارڈ انعامی رقم دی گئی۔ یہ رقم 2022 میں ارجنٹینا کو ملنے والے 42 ملین ڈالرز اور 2018 میں فرانس کو ملنے والے 38 ملین ڈالرز سے کہیں زیادہ ہے۔
فیفا ورلڈ کپ: بہترین کھلاڑی، بہترین کیپر کون قرار پایا؟
اس بار ٹورنامنٹ کا کل بجٹ 727 ملین ڈالرز رکھا گیا تھا، جس میں سے 655 ملین ڈالرز تمام 48 ٹیموں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کرنے کی وجہ سے فیفا کی آمدنی 13 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی، جس نے انعامی رقم میں اس تاریخی اضافے کو ممکن بنایا۔
رپورٹس کے مطابق یہ رقم براہِ راست ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کو ملے گی، جس میں سے تقریباً 45 فیصد رقم (22.5 ملین ڈالرز) اسکواڈ کے 26 کھلاڑیوں میں بونس کے طور پر تقسیم کی جائے گی۔اس حساب سے ہر کھلاڑی کو تقریباً 8 لاکھ 65 ہزار ڈالرز ملیں گے۔
فیفا ورلڈ کپ رنر اپ ٹیم ارجنٹینا کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملی، اس کے علاوہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ اور چوتھے نمبر کی ٹیم فرانس کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ملے۔
اعلامیے کے مطابق 2026 فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی۔
اس تاریخی فتح اور بیک وقت مینز اور ویمنز ورلڈ چیمپئن بننے کے منفرد اعزاز کے بعد اسپینش فیڈریشن کو ایڈیداس، موویسٹار اور میپفر جیسے بڑے اسپانسرز سے بھی اربوں روپے کے نئے معاہدے ملنے کی توقع ہے۔


