منگل, اگست 18, 2026
اشتہار

فیفا ورلڈ کپ: سیمی فائنل لائن اپ مکمل، کون کس سے ٹکرائے گا؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (12 جولائی 2026): امریکا میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔

امریکا میں کھیلے جا رہے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے چاروں کوارٹر فائنل کھیلے جا چکے اور سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی۔ ورلڈ کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔

کیا ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کر پائے گا یا پھر کوئی نیا چیمپئن ٹرافی لے جائے گا، اس کا فیصلہ اگلے تین میچز میں ہو جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ میں تین دن کا آرام ہے، جس میں چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیمیں اپنے اپنے ہتھیاروں کو تیز کریں گی اور تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔

پہلا سیمی فائنل تین بار کی عالمی چیمپئن فرانس اور 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان آرلنگٹن کے ڈیلاس اسٹیڈیم میں امریکی اوقات کے مطابق منگل 14 جولائی کو دوپہر 2 بجے جب کہ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ 15 جولائی کی شب 12 بجے کھیلا جائے گا۔

فرانس کوارٹر فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد دو صفر سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچی ہے جب کہ اسپین نے بلیجیئم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے زیر کر کے فائنل فور میں قدم رکھا ہے۔

یہ میچ دفاعی چیمپئن کپتان اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے ساتھ گولڈن بوٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل فرانسیسی کپتان کیلیان ایمباپے کے لیے بھی اہم ہوگا کہ وہ جہاں اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فائنل میں پہنچا سکتے ہیں، وہیں وہ گول کر کے میسی سے آگے بھی نکل سکتے ہیں۔

اس وقت دونوں اسٹار کھلاڑی ٹورنامنٹ میں 8، 8 گول کر کے برابری کی پوزیشن پر ہیں۔

دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن اور تین بار فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے والی ٹیم ارجنٹینا اور 1966 میں پہلی اور آخری بار ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم انگلینڈ کے درمیان اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا۔

یہ میچ امریکی وقت کے مطابق بدھ 15 جولائی کو سہ پہر 3 بجے جب کہ پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات 16 جولائی کو رات 12 بجے کھیلا جائے گا۔

ارجنٹینا کی ٹیم جہاں اپنے کپتان لیونل میسی پر پورا بھروسہ کر رہی ہے وہیں انگلینڈ کی امیدیں ہیری کین اور جوڈ بلینگھم سے لگی ہوئی ہیں۔

Image

دونوں سیمی فائنلسٹ کی فاتح ٹیمیں ریاست نیویارک کے شہر نیو جرسی کے اسٹیڈیم ایسٹ ردھر فورڈ میں فائنل میچ میں ٹکرائیں گی۔ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا میچ امریکی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔

فائنل میچ سے قبل میامی میں تیسری پوزیشن کے لیے میچ کھیلا جائے گا جو دونوں سیمی فائنل کی ہارنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ یہ میچ امریکی وقت کے مطابق ہفتہ 18 جولائی کی شام 5 بجے جب کہ پاکستانی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کی شب 2 بجے کھیلا جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ: دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سیمی فائنل میں پہنچ گیا

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں